وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی پہلی مکمل ای وی بس سروس کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی پہلی مکمل ای وی بس سروس کا افتتاح کر دیا

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پاکستان کی پہلی مکمل الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے ای وی بس میں سواری کی اور اس کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ای وی بس کی خصوصیات اور سہولتوں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ای وی بس میں جدید ترین سہولتیں شامل ہیں جن میں جی پی ایس لوکیشن ریکارڈر، وائی فائی، یو پی ایس پورٹ اور دیگر فنی سہولتیں شامل ہیں۔ اس بس میں 30 نشستیں اور 80 مسافروں کی گنجائش ہوگی، اور خصوصی افراد کے لیے بھی ریمپ اور مخصوص نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ پہلی بار بس کے فرش پر اینٹی سلپ شیٹ کا استعمال کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

اس کے علاوہ، بس کی سہولتوں میں خواتین کے لیے علیحدہ فی میل سیکشن اور ہراسانی کے واقعات سے بچاؤ کے لیے کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ لاہور کے 21 کلومیٹر طویل روٹ پر 27 ای وی بسیں چلائی جائیں گی، جو ریلوے سٹیشن سے گرین ٹاؤن تک چلیں گی اور مختلف اہم علاقوں سے گزریں گی۔

ای وی بس سروس کا باقاعدہ آغاز فروری کے وسط میں ہوگا، اور روزانہ 17 ہزار مسافروں کو سفر کی سہولت ملے گی۔ بسوں کے لیے 42 جدید ترین بس شیلٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ہر 9 منٹ کے بعد بس آتی جائے گی، اور کرایہ ڈیجیٹل والٹ اور ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعے ادا کیا جا سکے گا۔ ایپ کے ذریعے بس کی ٹریکنگ بھی ممکن ہوگی۔

مریم نواز نے بس سٹینڈز پر سولر فین اور واٹر کولر کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا اور ہر سٹینڈ پر سیف سٹی کیمروں کی تنصیب کی ہدایت دی۔ اسی دوران ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، اور مریم نواز نے الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔

مصنف کے بارے میں