اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران، وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی خوشیوں کی مبارکباد دی اور چین کی قیادت، چینی عوام اور پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی کا سبب بنے گا۔ چینی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور اس خوشی کے موقع پر چینی حکومت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔