اسلام آباد :انٹراپارٹی الیکشن کے حوالے سے تحریک انصاف کا اہم فیصلہ کیا ہے تحریک انصاف کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا جس میں انٹرا پارٹی الیکشن کی قرارداد منظور کی گئی ہے ۔ قرارداد پاس ہونے کے بعد سات دن کے اندر اندر انتخابات کروائے جائیں گے۔
انتخابات فیڈرل الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد ، کراچی، لاہور سمیت ڈیجیٹلی بھی کروائے جا سکتے ہیں۔
اجلاس میں رؤف حسن کو متفقہ طور پر تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر مقرر کردیا گیا۔ انٹرا پارٹی انتخابات کے فیصلے تک عمر ایوب پارٹی کے چیف آرگنائزر ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی رابطہ ایپ پر رجسٹرڈ ممبران ہی الیکشن لڑنے اور ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات کے لئے نامزد کردہ امیدوار آزاد نہیں سمجھے جائیں گے بلکہ الیکشن کے بعد بھی پی ٹی آئی کا ہی حصہ ہوں گے۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ عمران خان پی ٹی آئی کے بانی ہیں اور ہمیشہ ہمارے لیڈر رہیں گے۔