خیبرپختونخواہ اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ منظرعام پر آ گئی

10:17 PM, 31 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کے سیکرٹری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو صوبے میں انتخابات کے انعقاد کی تاریخ سے متعلق خط کا جواب دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے الیکشن کمیشن کو اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد صوبے میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق موصول ہونے والے خط کا جواب ارسال کر دیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کی تاریخ 16 اپریل تجویز کی گئی ہے جبکہ گورنر کا موقف ہے کہ الیکشن کی تاریخ سے لاعلم ہوں، خط کا جواب میرے سیکرٹری نے دیا ہے۔ 
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کیلئے گورنر خیبرپختونخواہ کو 25 جنوری کو خط لکھا تھا اور الیکشن کمیشن کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ اسمبلی تحلیل ہونے کی صورت میں 90 روز میں الیکشن کرانے ہوتے ہیں، اس لئے انتخابات کی تاریخ دی جائے۔ الیکشن کمیشن نے 15 سے 17 اپریل تک تاریخ تجویز کی تھی۔ 
گورنر ہاؤس کے ترجمان نے الیکشن کمیشن کو خط کا جواب دینے کی تصدیق تو کی ہے مگر گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں تاریخ کا ذکر نہیں کیا گیا لیکن ذرائع اس حوالے سے دعویٰ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 16 اپریل کی تاریخ دی گئی ہے۔ 
دوسری جانب نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو صوبے میں انتخابات سے متعلق تاریخ دینے کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخواہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ابھی الیکشن کی تاریخ کا علم نہیں، چونکہ جوابی خط میرے سیکرٹری نے تحریر کیا ہے اس لئے ابھی تاریخ نہیں بتا سکتا۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں انتخابات سے متعلق دئیے گئے بیان میں کہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ دینا میرا نہیں بلکہ کسی اور کام ہے۔گورنر خیبرپختونخواہ حاجی غلام علی کے اس بیان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے صدر مملکت اور چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ 

مزیدخبریں