متحدہ عرب امارات پر دوبارہ میزائل حملے کے بعد پاکستان کا ردعمل 

11:15 PM, 31 Jan, 2022

 اسلام آباد:پاکستان نے  متحدہ عرب امارات پر الجاؤف، یمن سے حوثی میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  یہ خوش آئند ہے کہ اماراتی فضائی دفاعی نظام نے حملہ ناکام بنا دیا۔

ترجمان دفترخارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اماراتی دفاعی نظام نے میزائل حملہ ناکام بنا کر کئی قیمتی جانیں بچا لیں، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ ایسے حملے علاقائی امن و سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے پاکستان ایسے حملوں کی فی ا لفور روک تھام کا مطالبہ کرتا ہے،پاکستان متحدہ عرب امارات کے عوام، حکومت کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اس نے حوثی باغیوں کی جانب سے ایک بیلیسٹک میزائل حملے کو ناکام بنا دیا۔ ادھر اسرائیلی صدر نے متحدہ عرب امارات پر ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ملک کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ چونکہ میزائل آبادی والے علاقوں سے باہر گرا اس لیے حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

مزیدخبریں