اوٹاوا: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس پر انھوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کورونا میں مبتلا ہو گئے تاہم ان کی صحت بہتر ہے اور انھوں نے کار مملکت قرنطینہ میں رہتے ہوئے گھر سے انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ آج صبح کورونا ٹیسٹ کرایا تھا جو مثبت آیا ہے تاہم میں خود کو کافی بہتر محسوس کر رہا ہوں اور اپنا کام گھر سے جاری رکھوں گا۔
This morning, I tested positive for COVID-19. I’m feeling fine – and I’ll continue to work remotely this week while following public health guidelines. Everyone, please get vaccinated and get boosted.
— Justin Trudeau (@JustinTrudeau) January 31, 2022
وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مزید لکھا کہ قرنطینہ کے دوران فرائض منصبی کی ادائیگی وہ صحت کے ماہرین کی جانب سے بتائے گئے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے کریں گے۔
جسٹن ٹروڈو نے اپنی ٹویٹ میں عوام سے ویکسین کا کورس مکمل کرنے اور بوسٹر ڈوز لگوانے کی اپیل بھی کی۔
واضح رہے کہ کینیڈا میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 30 لاکھ کے لگ بھگ ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 33 ہزار سے زائد ہے۔