لاہور: سیشن عدالت نے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے دیا۔
لاہور کی ایک سیشن کورٹ نے اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح نامہ درست قرار دے دیا ہے۔ اداکارہ میرا نے عتیق الرحمان کے ساتھ اپنے نکاح کی تکذیب کی اپیل دائر کر رکھی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد مظہر عباس نے میرا کی اپیل کی سماعت کی۔ سماعت مکمل ہونے پر سیش عدالت نے میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کر دی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح نامہ درست ہے۔
یاد رہے کہ میرا نے 6 مارچ 2019 کو فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف ایڈیشنل سیشن جج عدنان طارق کی عدالت میں اپیل دائر کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ فیملی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
لاہور کی فیملی عدالت کے جج بابر ندیم نے 2018 میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے میرا کے تکذیب نکاح کے دعوے کو جھوٹا قرار دیا تھا۔ عدالت کے مطابق اداکارہ اور عتیق الرحمان کے درمیان وجہ تنازع ڈیفنس میں واقع گھر تھا جس پر دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کیے اور جو گزشتہ دس برسوں سے عدالتوں میں زیر التوا رہے۔
اداکارہ میرا کا مؤقف تھا کہ وہ عتیق الرحمن کو نہیں جانتی جبکہ عتیق سے نکاح نہیں ہوا، نکاح نامہ اور دکھائی جانے والی تصاویر جعلی ہیں تاہم فیملی کورٹ کے فیصلے کے بعد انھوں نے اسے چیلنج کرنے کے لیے لاہور کی سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر دی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ فریقِ ثانی نے فیملی کورٹ کو دھوکے میں رکھ کر فیصلہ لیا۔