یوسف رضا گیلانی شریف آدمی، استعفیٰ بلاول یا زرداری کا بنتا ہے: فواد چوہدری

07:41 PM, 31 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی شریف آدمی ہیں، استعفیٰ تو بلاول کا آصف زرداری کا بنتا ہے جن کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے سینیٹرز تشریف نہیں لائے۔ 
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی جانب سے استعفے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن کی شکست اور سٹیٹ بینک بل منظور ہونے پر بلاول یا آصف زرداری کو استعفیٰ دینا چاہئے جن کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے سینیٹرز تشریف نہیں لائے۔ 
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے لکھا ’یوسف رضا گیلانی شریف آدمی ہیں۔ استعفیٰ تو بلاول کا بنتا ہے یا زرداری کا، جن کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے سینیٹرز تشریف نہیں لائے، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی سینئر لیڈرشپ اپنی جماعتوں کی لیڈرشپ کے کرتوتوں سے پریشان بھی ہے اور شرمندہ بھی، بہرحال ان جماعتوں میں تبدیلیوں کا سفر خوش آئند ہے۔‘ 


واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملکی سطح کے اہم معاملے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے مگر ایسا نہیں کیا گیا، رات کے وقت بل کو ایجنڈے پر لانا مناسب نہیں تھا۔ 
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اتنے اہم ایجنڈے کیلئے موقع ملنا چاہیے تھا، چیئرمین اور سپیکر ایوان کے کسٹوڈین ہوتے ہیں اور ہاؤس کی نمائندگی کرتے ہیں، حکومت کی نہیں، لہٰذا چیئرمین اور سپیکر کا کردار غیر جانبدار ہونا چاہئے۔ 
انہوں نے کہا کہ ملکی سطح کے اہم معاملے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے لیکن نہیں لیا گیا جبکہ سٹیٹ بینک ترمیمی بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا گیا جو اس لئے بنائی گئی ہیں کہ وہاں بحث ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کے وقت بل کو ایجنڈے پرلانا مناسب نہیں تھا، 27 جنوری کوا یجنڈا میرے سٹاف کو رات 11 بج کر 50 منٹ پر ملا اور میرے گھر ایک بجے پہنچا۔ 

مزیدخبریں