کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کورونا وائرس سے صحت یاب ہو گئے ہیں اور جلد ہی سکواڈ جوائن کر لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر کا کہنا ہے کہ شاہد خان آفریدی کل ٹیم ہوٹل آ جائیں گے جہاں ان کا اینٹی جین ٹیسٹ کیا جائے گا جس کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں وہ 3 روزہ قرنطینہ سے بھی مستثنیٰ ہوں گے۔
ٹیم منیجر کے مطابق شاہد خان آفریدی کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں وہ ناصرف ٹیم کو جوائن کر لیں گے بلکہ تین فروری کو شیڈول میچ کیلئے بھی دستیاب ہوں گے اور شائقین انہیں ان ایکشن دیکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ شاہد خان آفریدی انجری کے باعث بائیو سیکیور ببل سے باہر نکل گئے تھے اور بعد ازاں ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس پر انہوں نے اپنے گھر میں ہی قرنطینہ اختیار کیا تھا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مینجمنٹ نے شاہد خان آفریدی کی جگہ حسان خان کو متبادل کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی جسے منظور کر لیا گیا تھا۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے صدر اور مینٹور وسیم اکرم نے بھی کورونا وائرس سے صحت یاب ہو کر سکواڈ کو جوائن کر لیا ہے۔ وسیم اکرم کا عمان سے واپسی پر کوویڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے قرنطینہ اختیار کر رکھا تھا تاہم ٹیسٹ کلیئر آنے اور قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے پر انہوں نے ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔