کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کورونا وائرس سے صحت یاب ہو کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کو جوائن کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے صدر اور مینٹور وسیم اکرم عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس سے صحت یاب ہو گئے ہیں اور ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔
وسیم اکرم کا عمان سے واپسی پر کوویڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے قرنطینہ اختیار کر رکھا تھا تاہم ٹیسٹ کلیئر آنے اور قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے پر انہوں نے ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ 27 جنوری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن میں کراچی کنگز کی کارکردگی اب تک مایوس کن رہی ہے۔
کراچی کنگز نے اب تک ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں ہی اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو پا رہے۔