اسلام آباد: سپریم کورٹ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیس میں پنجاب حکومت کو عبوری ریلیف دے دیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کا راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کر دیا۔
نیو نیوز کے مطابق عدالت نے پنجاب حکومت کو راوی اربن منصوبہ پر کام جاری رکھنے کی اجازت دیدی۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ جن زمینوں کی مالکان کو ادائیگی ہوچکی ان پر کام جاری رکھا جا سکتا ہے۔ جن زمینوں کے مالکان کو ادائیگی نہیں ہوئی وہاں کام نہیں ہو سکتا۔
عدالت نے حکومتی اپیلوں پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ جائزہ لینگے کہ فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل بنتی ہے یا نہیں اگر انٹراکورٹ اپیل بنتی ہوئی تو کیس لاہور ہائیکورٹ بھجوا دینگے ۔
وکیل روڈا کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ نے آرڈیننس کو اجراء کو تقویض کردہ اختیار قرار دیا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ نے امریکی آئین کا حوالہ دیا ہے۔ امریکی اور پاکستانی حالات اور آئین مختلف ہیں۔
وکیل روڈا کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ میں درخواست گزار ہاؤسنگ سوسائٹیز تھیں۔ جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیے کہ ہائوسنگ سوسائٹیز کا تو مفادات کا ٹکراؤ واضح ہے۔