اپوزیشن رہنماؤں سے اب تک کتنی زمین واگزار کرائی گئی، شہزاد اکبر نے تفصیل پیش کردی

02:53 PM, 31 Jan, 2021

اسلام آباد: مشیر داخلہ واحتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ ان سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم سے جو اب تک واپس لیا گیا، وہ آج عوام کے سامنے رکھوں گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے چھانگا مانگا کی سیاست اور پیسے کی سیاست کو فروغ دیا۔ انکی صاحبزادی ایسے ہی سیاسی مافیا کے گھر پر کھڑی ہو کے ریاست کو للکار رہی تھیں۔ اب سیاست میں نظریاتی کےبجائے ایک گروہ نے لے لی ہے۔ سیاست میں پہلے لوگ نظریاتی آتے تھے، مگر اب سیاست میں اتار چڑھاؤ آ رہا ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ پی ڈی ایم سے جو اب تک واپس لیا گیا وہ آج عوام کے سامنے رکھوں گا۔ نواز شریف سے آج بھی پوچھ لیں کہ ان کا نظریہ کیا ہے تو وہ نہیں بتا سکتے۔ سیاست میں خرید و فروخت کا سلسلہ نواز شریف نے شروع کیا۔ نوازشریف نے سیاست میں چھانگا مانگا کلچر کو متعارف کرایا۔ 1980ء کےانتخابات کے بعد ایک نئے گروہ نے سیاست میں انٹری ڈالی۔ نواز شریف کی سیاست کے دو جزو ہیں، پیسے اور قبضے کی سیاست۔

انہوں نے بتایا کہ صرف پنجاب میں 210 ارب روپے سے زائد کی ریکوری ہوئی ہے۔ جاوید لطیف سے 8 کنال سرکاری زمین، شیخوپورہ میں ایک اڈا واپس لیا گیا۔ 1 ارب کی زمین چودھری تنویر سے واپس لی گئی۔ خرم دستگیر کی سوا 9 کروڑروپے کی زمین واپس لے کر پارک بنا دیا گیا۔ خرم دستگیر سے اب 5 کروڑ روپے لینا باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگی رہنما دانیال عزیز سے ڈھائی ارب روپے کی زمین واپس لی گئی۔ ان سب سے جنگلات اور زرعی زمین واپس لی گئی ہے جو کہ حکومتی اراضی تھی۔ اس کے علاوہ مائزہ حمید کے شوہر سے کروڑوں کی سرکاری زمین واگزار کرائی گئی۔

مزیدخبریں