نواز شریف کا اسامہ بن لادن سے فنڈنگ لینا شرمناک، وزیراعظم عمران خان

02:09 PM, 31 Jan, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے میاں نواز شریف کو القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن سے فنڈنگ لینے کو شرمناک قرار دیدیا ہے۔ 

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عابدہ حسین کو نواز شریف نے امریکا کیلئے سفیر مقرر کیا تھا۔ خیال رہے کہ معروف سیاستدان عابدہ حسین نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف القاعدہ کے سابق سربراہ سے مالی مدد لیتے لیتے تھے بلکہ وہ انھیں سپورٹ بھی کرتے تھے۔

عابدہ حسین کا ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام صدر مملکت کی زیر نگرانی تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صدر غلام اسحاق خان کو وزیراعظم نواز شریف پر اعتبار ہی نہیں تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں 1990ء میں جب امریکا میں پاکستانی سفیر تعینات ہوئی تو یہ احکامات صدر مملکت غلام اسحاق نے دیئے تھے۔ انہوں نے مجھے ہدایت دی تھی کہ پاکستان کو ایٹمی پروگرام پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اٹھارہ ماہ کا عرصہ درکار ہے۔ آپ نے اس دوران امریکی حکام کو باتوں میں لگائے رکھنا ہے، میں نے اس ہدایت پر مکمل عمل کرتے ہوئے ایسا ہی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے لئے سختی سے ہدایت تھی کہ ٹیل فون پر اس اہم معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوگی، اس لئے ان اٹھارہ مہینوں میں پانچ بار میں نے پاکستان کا دورہ کیا اور صدر مملکت سے نئی ہدایات لیں۔

عابدہ حسین نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کو جوہری پروگرام 1992ء میں پایہ تکمیل کو پہنچا تھا۔ امریکی حکام کا ہم پر شدید دباؤ تھا کہ ہم اسے رول بیک کر دیں۔

مزیدخبریں