اوٹاوا: خبریں ہیں کہ قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کا فضائی میزبان کینیڈا سے پراسرار طور پر لاپتا ہو گیا ہے، لاپتا ہونے والے اس فضائی میزبان کا نام رمضان گل بتایا جا رہا ہے۔ اس فضائی میزبان کیساتھ کوئی حادثہ پیش آیا یا وہ جان بوجھ کر ہوٹل سے نکل گیا، ابھی اس بارے میں کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔
نجی ٹیلی وژن کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 798 اسلام آباد سے کینیڈا پہنچی تھی جس میں رمضان گل فضائی میزبان کے فرائض سرانجام دے رہا تھا۔ جہاز کے عملے کو واپسی سے پہلے ایک ہوٹل میں ٹھرایا گیا تھا جہاں سے وہ لاپتا ہوگیا۔
فضائی میزبان رمضان گل کے لاپتا ہونے کی اطلاعات پی آئی اے حکام کو دیدی گئی ہے۔ حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ابھی ابتدائی تفتیش کی جا رہی ہے۔ اگر ایئر ہوسسٹس نے جان بوجھ کر ایسا کرنے کی کوشش کی تو اس کو ضابطے کی کارروائی بھگتنا پڑے گی۔