لاہور: دنیا کی معروف ایپ ٹیلی گرام نے اپنے صارفین کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ایسا منفرد فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کی بدولت وہ اب واٹس ایپ کی ہسٹری کو اس پر منتقل کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ٹیلی گرام کی جانب سے یہ نیا فیچر اس لئے متعارف کرایا گیا ہے کیونکہ امریکی کمپنی واٹس ایپ کی متنازع پالیسیوں کی وجہ سے دنیا بھر کے صارفین کی بڑی تعداد اسے چھوڑ کر اب ٹیلی گرام پر منتقل ہونا شروع ہو گئی ہے اور آئے روز اس میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
واٹس ایپ کی ہسٹری کو ٹیلی گرام پر منتقل کرنے کا فیچر صرف آئی او ایس صارفین کیلئے متعارف کرایا گیا تھا لیکن اب اینڈرائیڈ فون استعمال کرنے والے صارف بھی اگر چاہیں تو ٹیلی گرام کی جانب سے پیش کی گئی سہولت سے فائدہ لے سکتے ہیں۔
ٹیلی گرام کی جانب سے اس نئے فیچر کو درست استعمال کرنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ اپنی پرانی چیٹس کو اوپن کریں، اسے ٹیپ کریں اور کانٹیکٹ کے انفومینو میں جا کر ایکپسورٹ چیٹ آپشن استعمال کریں۔ اس کے بعد چیٹ میسجز کو منتقل کرنے کیلئے ٹیلی گرام کی چیٹ کو منتخب کرنا ضروری ہے، اب اٹیچ میڈیا اور ود آؤٹ میڈیا میں اپنی پسند کا آپشن کو منتخب کیا جائے۔
بعد ازاں شیئرنگ مینو سے ٹیلی گرام کا انتخاب کیا جائے اور چیٹ منتقل کرنے کیلئے کانٹیکٹ کو منتخب کریں، اور امپورٹ کا انتخاب کر لیں۔