لاہور: پاکستان میں عالمی وبا سے مزید 34 شہری موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس وبائی مرض کے تدارک کیلئے حفاظتی ٹیکے جلد چین سے پاکستان پہنچ جائیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 455 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1 ہزار 599 نئے کیس سامنے آئے۔
ان سی او سی کے مطابق ملک میں فعال مریضوں کی تعداد 33 ہزار 182 ہے جبکہ انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 657 ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ویکسین لانے کیلئے پاک فضائیہ کا طیارہ آج چین جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وبائی مرض سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگنے کا آغاز آئندہ منگل یا بدھ سے ہو جائے گا۔ سرکاری سطح پر ویکسین مفت لگائی جائے گی۔ ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں ویکسین 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے گی۔
اسد عمر کا کہنا ہے کہ ’’کوویکس‘‘ سے ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا معاہدہ 8 ماہ پہلے کیا تھا۔ کوویکس کے تحت پاکستان کو ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین ملیں گی۔ کوویکس کی ویکسین جون تک پاکستان کو فراہم کر دی جائی گی جبکہ اسٹرازینکا کی ویکسین بھی فروری سے ہی ملے گی۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں گزشتہ 64 روز میں ایک کروڑ 30 لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ امریکا میں پہلے 311 روز میں کیسز کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ تھی۔ امریکا میں جنوری 2020ئ میں پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق امریکا میں وبائی کیسز کی تعداد 2 کروڑ 60 جبکہ مزید 2 ہزار 889 اموات سامنے آنے سے مجموعی تعداد 4 لاکھ 50 ہزار 381 ہو گئی ہے۔ برازیل میں مزید ایک ہزار 196 اموات سے تعداد 2 لاکھ 23 ہزار 971 ہو گئی ہے۔
دنیا بھر میں وبائی مرض کے 7 کروڑ 42 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 10 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے اور اموات 22 لاکھ 27 ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔ میکسیکو میں مزید ایک ہزار 434 اموات سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 579، بھارت میں مزید 128 اموات سے تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 312 ہو گئی ہے۔