لاہور: پاکستانی فلموں کے معروف اداکار شان شاہد کی والدہ نیلو بیگم قضائے الہٰی سے انتقال کر گئی ہیں۔ مرحومہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ فلمی شخصیات اور مداحوں کی جانب سے ان کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی گئی ہے۔
نیلو بیگم کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کی ممتاز اداکاروں میں ہوتا تھا۔ وہ 30 جون 1940ء کو سرگودھا میں پیدا ہوئی تھیں۔ سالوں تک فلمی دنیا پر چمکنے والا یہ ستارہ گزشتہ روز بجھ گیا، مرحومہ کی عمر 80 سال تھی۔ نیلو بیگم نے جی دار، ڈاچی، بیٹی، زرقا، عذرا اور دوشیزہ جیسی شہرہ آفاق فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
نیلو بیگم نے صرف 16 سال کی عمر میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور جلد ہی ان کا شمار معروف اداکاروں میں کیا جانے لگا۔ فلم سات لاکھ میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا، اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ نیلو بیگم کی شادی لیجنڈ ڈائریکٹر ریاض شاہد سے ہوئی تھی۔ پاکستانی فلم انڈسٹری کے اداکار شاہ شاہد مرحومہ نیلو بیگم کے فرزند ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی والدہ کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے اداکار شان شاہد نے لکھا کہ میری والدہ خالق حقیقی سے جا ملی ہیں، اللہ پاک ان کے درجات بلند کرتے ہوئے ان کی مغفرت فرمائے آمین۔