اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جہاں تھوڑے سے لوگ امیر، باقی سب غریب ہوں، وہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ایسا سسٹم چاہیے تھا کہ مستحقین کو دیانتداری سے پیسہ پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق ، وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں احساس کفالت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ احساس پروگرام کا دو ہفتے میں اگلا مرحلہ شروع ہوگا جس میں عوام کو گائے، بھینس اور مرغیاں دی جائیں گی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر ایک مشکل وقت آیا ہوا ہے۔ حکومت پر مسلسل تنقید ہو رہی تھی۔ ہم بڑی دیر سے اس کا انتظار کر رہے تھے۔ اس وجہ سے بہت پریشر تھا کہ جلد سے جلد ایسا پروگرام لائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کے لئے ایک سسٹم بنانا تھا۔ ایسا سسٹم چاہیے تھا کہ نچلے طبقے کو دیانداری سے پیسہ پہنچے۔ کمزور طبقے کا بینک اکاؤنٹ کھولنا بہت زبردست کام ہے۔ اس کارڈ کے لئے یوٹیلٹی سٹور پر بھی ہم مدد کر سکتے ہیں۔ جبکہ سمارٹ فونز ایک انقلاب ہے۔ ان خواتین کو فونز کے ذریعے انفارمیشن ملے گی اور اسی سمارٹ فونز سے بچے سکھیں گے۔
عمران خان نے اعلان کیا کہ دو ہفتے میں اگلا پروگرام آئے گا جس میں ہم عوام کو گائے، بھینس اور مرغیاں دیں گے۔ اس کے بعد ہمارا تیسرا پروگرام سکالرشپ کا آ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم نے نچلے طبقے کو چھوڑ دیا، نہ ان کی صحت کا خیال رکھا گیا اور نہ ہی تعلیم کا۔ ہم نئے پاکستان میں نچلے طبقے کی ذمہ داری لیں گے۔ ہمارے نبی ﷺ نے مدینہ کی ریاست بنائی جس نے غریب طبقے کی ذمہ داری لی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوئی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا جہاں تھوڑے لوگ امیر اور بہت سے غریب ہوں۔ شروع میں پاکستان بہت تیزی سے ترقی کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت جو ڈیٹا اکھٹا ہو رہا ہے، وہ ہمیں غریب لوگوں کی فلاح کے لئے مدد کرے گا۔ نوجوانوں کو قرضے دینے کا پروگرام بہت زبردست ہے۔ ہم 5 لاکھ نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے۔ 70 لاکھ خاندانوں کو اس کفالت پروگرام کو فائدہ ملے گا۔ خاندانوں کو ماہانہ فی کس دو ہزار روپے ملیں گے۔