محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے پریمیئر سروس شروع کرنے کا فیصلہ ،یہ سروس در اصل ہے کیا ؟

12:10 PM, 31 Jan, 2020

لاہور: محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے پریمیئر سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ریڈایبل پاسپورٹ کی آن لائن بکنگ کرائی جاسکے گی۔

محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے ذرائع کے مطابق پاسپورٹ بنوانے یا اس کی تجدید کے خواہشمندوں کے لئے مزید آسانیاں پیدا کر دی گئی ہیں کیونکہ اب پاسپورٹ بنانے والوں کو نہ گھنٹوں طویل قطاروں میں لگنا پڑے گا اور نہ ہی ایجنٹوں کے ہاتھوں خوار ہونا پڑے گا۔ بلکہ پاسپورٹ کی پریمیئر سروس کے تحت آن لائن بکنگ کے بعد اپنا پاسپورٹ باآسانی بنوا سکیں گے۔

  مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنانے کے لیے آن لائن بکنگ کے بعد پاسپورٹ کے حصول کے خواہشمندوں کو ان کی مرضی کے مطابق وقت دے دیا جائے گا، جس وقت کی بکنگ ہوگی پاسپورٹ بنانے والے کو اس وقت پر وہ پہنچنا لازمی ہوگا اگر کسی وجہ سے کچھ تاخیر ہو یا منسوخ کرانا ہو تو فوری آن لائن پریمیئر سروس کو آگاہ کرنا پڑے گا۔

پریمیئر سروس کے تحت 10 سے 15 منٹ میں اپنا مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنانے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ پریمیئر سروس کے عوض محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن فیس کے علاو ہ 1500 روپے اضافی سروس چارجز کے طور پر وصول کرے گا۔ پریمیئر سروس لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے بڑے شہروں میں جلد ہی شروع کی جائے گی۔ لاہور میں اس حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ باقی شہروں میں بھی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے ایک مفصل رپورٹ ڈائریکٹریٹ پاسپورٹ سیکرٹری داخلہ کو بجھوا دی گئی ہے اب اس رپورٹ کی روشنی میں وزارت داخلہ کی طرف سے جیسے ہی منظوری ملتی ہے آن لائن بکنگ کے ذریعے پاسپورٹ بنانے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ لاہور سمیت ملک بھر میں ہزاروں کی تعداد میں ایسے افراد موجود ہیں جو پریمیئر سروس سے فائدہ اٹھائے کو تیار ہیں اور 1500 روپے ادا کرنا ان کے لیے کوئی مشکل نہیں۔

مزیدخبریں