مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 نوجوان شہید
کیپشن: بھارتی فورسز نے ٹرک ڈرائیور سمیت دو افراد کو بھی گرفتار کر لیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں جموں کے علاقے میں فائرنگ کرکے3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں نے ضلع نگروٹا کے علاقے میں جموں سرینگر ہائی وے پر بین ٹول پلازہ کے قریب شہید کیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی فورسز نے شاہراہ بین ٹول پلازہ پر سری نگر جانے والی ٹرک کو روک کر اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین نوجوان شہید ہو گئے۔

بھارتی فورسز نے ٹرک ڈرائیور سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

اسی علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک بھارتی پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گیا ہے۔ نوجوانوں کی شہادت کے بعد بھارتی پولیس نے جموں سری نگر ہائی وے کو بند کر دیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، پلوامہ، شوپیاں، اسلام آباد، کولگام، کشتواڑ، رامبان، راجوری اور پونچھ اضلاع کے متعدد علاقوں میں محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔