پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ لائیو اسٹاک مطابق گدھوں کے فارمز غیر ملکی پارٹنر شپ سے بنائے جائیں گے جس کے لیے چینی حکومت کے ساتھ ساتھ رجسٹرڈ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے ہوں گے۔ یہ فارمز مانسہرہ اور ڈی آئی خان میں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ لائیو اسٹاک کا کہنا ہے کہ گدھوں کی برآمد کے منصوبے میں رواں سال اہم پیش رفت متوقع ہے۔ ابتدائی مرحلہ میں بیمار، لاغر اور معذور گدھے سپلائی کریں گے۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق ابتدائی تین سال کے دوران 80 ہزار گدھے برآمد ہوں گے اور فارمز میں گدھوں کی افزائش ڈھائی سے تین سال میں ہو جاتی ہے۔
محکمہ لائیو اسٹاک نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی کمپنیاں گدھوں کے فارمز میں دلچسپی رکھتی ہیں جب کہ غیر ملکی کمپنیاں 3 ارب ڈالرز تک سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔
خیبرپختونخوا کے محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق صوبے کے 70 ہزار خاندانوں کا روزگار گدھوں سے وابستہ ہے اس لیے گدھوں کی برآمد اور فارمز کے لیے معاہدہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہتے ہیں تاکہ صوبے میں بھی گدھوں کی کمی نہ ہو۔
محکمہ لائیو اسٹاک کا کہنا ہے کہ گدھوں کے مختلف اجزاء ادویات اور فرنیچر کی تیار میں استعمال ہوتے ہیں اور چین میں گدھے کے بالوں کی بھی مانگ زیادہ ہے۔