نیویارک:معروف الیکٹرونک کمپنی سونی نے ایسے کنٹیکٹ لینز تیار کر ڈالے ہیں جو کوئی بھی ویڈیو ریکارڈ کرنے اور بعدازاں اسے چلانے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق پہلے تو لینز نظرکی حفاظت و دیگر مقاصد کے لیے آنکھوں میں لگائے جاتے تھے تاہم اب سونی نے انہیں حیران کن طور پر ٹی وی سکرین کا متبادل بنا دیا ہے۔ ان میں ویڈیو محفوظ کرنے اور چلانے کے علاوہ ”آٹوفوکس“ ”ایکسپوژر ایڈجسٹمنٹ“ اور ”زومنگ“کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ ان لینز میں موجود کیمرہ انہیں پہنے شخص کے پلکیں جھپکنے کے ساتھ کام کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سونی نے گزشتہ سال ان لینز کی سندِ حق ایجاد حاصل کی تھی اور اب اس کا ابتدائی کامیاب تجربہ کر لیا گیا ہے۔ کمپنی کی طرف سے ان لینز کے کمالات کے عملی مظاہرے کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح یہ لینز آنکھوں میں رہتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کرتے اور پھر اس شخص کو دکھاتے ہیں۔
\اب تک اس ویڈیو کو ساڑھے 5کروڑ صارفین دیکھ چکے ہیں اور 7لاکھ 58ہزار شیئر کر چکے ہیں۔جہاں بہت سے صارفین اس انوکھی ایجاد پر خوش ہیں وہیں کچھ تحفظات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔ ایک صارفین نے کمنٹس میں لکھا ہے کہ ”یہ ایک خوفزدہ کردینے والا آئیڈیا ہے۔ ہم انسانوں کی فطرت سے آگاہ ہیں۔ بہت زیادہ احتمال ہے کہ یہ لینز لوگوں کی قابل اعتراض چیزیں ریکارڈ کرکے انہیں بلیک میل کرنے یا دوسروں کی جاسوسی کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔“