کشمیر کی وادی لیپہ میں خوفناک آگ سے 90دکانیں اور درجنوں گاڑیاں جل گئیں

کشمیر کی وادی لیپہ میں خوفناک آگ سے 90دکانیں اور درجنوں گاڑیاں جل گئیں

کشمیر: ضلع ہٹیاں بالا کی تحصیل لیپہ ویلی کے بازار میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی سےکروڑوں روپے مالیت کی 90دوکانیں7 رہائشی مکانات، محکمہ خواراک کے آٹے کا گودام، ایک درجن گاڑیاں اور موٹر سائیکل،ایک ہوٹل جل کر راکھ ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کے آبائی ضلع ہٹیاں بالا کی وادی لیپہ کے بازار میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی جس نے فورا ہی لکڑی سے بنی ہوئی دوکانوں اور گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجہ میں 90دوکانیں، 7رہائشی مکانات، سرکاری آٹے کے گودام کی عمارت سمیت ان میں موجود کرڑوروں روپے مالیت کا سامان جل گیا۔

شدید برف باری کے باعث گذشتہ تین ہفتوں سے وادی لیپاء کا ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا اور دارالحکومت مظفرآباد سے پہلے ہی رابطہ منقطع ہے آتشزدگی کے باعث آپٹیکل فائبر کے جل جانے سے ٹیلی فون، انٹر نیٹ اور بجلی کا نظام بھی مکمل طور پر بند ہو گیا، جس کے بعد لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہا ہے۔

پاک فوج، پولیس اور مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا۔ موسم سرما میں برفباری کے باعث وادی لیپاء کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے لوگ اپریل تک کا اشیاء خوردونوش ذخیرہ کر تے ہیں آتشزدگی کے باعث ذخیرہ کیا گیا، تمام راشن جلنے سے لوگوں کو شدید پریشانی کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔