سیاسی جماعتوں کو عوامی مشکلات کے حل کے لیے یکجا ہونا ہوگا:گورنر پنجاب

سیاسی جماعتوں کو عوامی مشکلات کے حل کے لیے یکجا ہونا ہوگا:گورنر پنجاب

لاہور :گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں عوام مشکلات کا شکار ہیں اور سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی کوششوں کی بدولت چل رہا ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی حکومت کسی مشکل میں پھنس جاتی ہے، بلاول اپنے کردار سے اسے نکالنے میں مدد کرتے ہیں۔


گورنر نے کہا کہ حکومت نے 26ویں ترمیم کے معاملے پر ہاتھ کھڑے کیے تو بلاول بھٹو نے قیادت سنبھالی اور اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے بعد اب تمام سیاسی جماعتوں کو یکجا ہو کر ملک کے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔


سردار سلیم حیدر نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مذاکرات کو خوش آئند قرار دیا لیکن پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کرنی ہوگی۔ "پی ٹی آئی نے اگر یہی سیاست جاری رکھی تو اس کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا،" انہوں نے واضح کیا۔


گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر سب مل کر بیٹھیں تو پاکستان کو کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے تمام جماعتوں کو مسائل کے حل کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔