اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج "ہوم گرون اکنامک ایجنڈا" کا اعلان کریں گے، جو کہ "میڈ ان پاکستان" معاشی اصلاحات پر مبنی ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے ڈیفالٹ کے خطرات سے نجات حاصل کر کے استحکام کی طرف قدم بڑھایا ہے، اور اب یہ استحکام ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ "الحمد اللہ، پاکستان کے تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔" ان کا کہنا تھا کہ ہوم گرون ایجنڈا ایک تاریخی اقدام ہے جس سے معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس ایجنڈے کے ذریعے پاکستان کے عوام کو خوشخبریاں ملیں گی
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہوم گرون ایجنڈا پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی جانب لے جانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ معاشی اصلاحات پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔ ان اقدامات سے نہ صرف اقتصادی استحکام حاصل ہوگا بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی بڑے مواقع پیدا ہوں گے۔
عطا تارڑ نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ یہ ایجنڈا ملک کی معیشت کو مضبوط کرے گا اور پاکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے میں مددگار ثابت ہوگا۔