جناح ایئرپورٹ پر پانی کی لائن پھٹنے سے مشکلات کا سامنا ، آپریشن معمول کے مطابق جاری

09:52 AM, 31 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی:  کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ڈپارچر اور آرائیول لاونج میں پانی کی لائن پھٹنے سے صورت حال پیچیدہ ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق پائپ لائن پھٹنے کی وجہ سے انٹرنیشنل ڈپارچر لاونج اور ایمیگریشن کاونٹرز کے سامنے پانی جمع ہو گیا، جس کی وجہ سے عملے اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ایئرپورٹ اتھارٹی کا عملہ پانی نکالنے کے لیے بالٹیوں اور وائپرز کا استعمال کر رہا ہے، اور اس کے ساتھ ہی جناح ٹرمینل پر فائر فائٹنگ کی پائپ لائن بھی پھٹ گئی ہے۔ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پانی کے لیکیج کو روکنے کے لیے جناح ٹرمینل کی مغربی سمت میں واقع پانی کے وال بند کر دیے گئے ہیں، اور پائپ لائن کے لیکیج کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 ترجمان کا مزید بتانا ہے  کہ پائپ لائن کی مرمت کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ایئرپورٹ پر مسافروں کے راستے کو میٹ بچھا کر صاف کر لیا گیا ہے، اور آپریشن متاثر نہیں ہوا۔ تمام ایئرپورٹ سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں اور مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہے۔

مزیدخبریں