بے گناہوں کو جیلوں میں ڈالنے والے جرنیل اور جج قوم کے مجرم ، کراچی کو کھنڈر بنانے والے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں: سعد رفیق

07:42 PM, 31 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ فوج کے جرنیل یا عدلیہ کے جج جنہوں نے بے گناہوں کو جیلوں میں ڈالا وہ قوم کے مجرم ہیں، جنہوں نے ترقی کرتے پاکستان کو بریکس لگائی ہیں وہ تاریخ کے کٹہرے میں مجرم رہیں گے۔

فیصل ٹاؤن لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ایک طرف 28 مئی والوں سے تو دوسری طرف 9 مئی والے ہیں، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ایک اور پارٹی والے کیا دعویٰ کر سکتے ہیں جو پندرہ سال میں کراچی کو دیا وہ ملک کو ٹرانسفر کرسکتے ہیں، کراچی جیسے عروس البلاد کو کھنڈر بنا دیا پھر لیول پلیئنگ فیلڈ مانگتے ہیں۔ یہ جرنیلوں اور ججوں کی ملی بھگت سے 2013 میں عوامی ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے والے اور وزیراعظم ہاؤس پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ شہباز شریف ہسپتالوں کے جال بچھاتے ہیں تو تم لنگر خانے اور کٹے مرغی کی بات کرتے ہو، بات کارکردگی پر ہوگی، الزامات تراشی نہیں حقائق پر ہوگی، خیبر پختونخوا میں نو سالہ حکومت رہی کون سا چلڈرن ہسپتال یا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن، ٹوئٹر و فیس بک پر نہیں آبادیوں میں لڑا جائے گا، سوشل میڈیا پر وہ اداروں پر حملے کرکے دائرہ اسلام قرار دے کر غدار اور بھارتی ایجنٹ کر دیتے ہیں، کس حکیم نے مشورہ دیا تھا کہ پنجاب، کے پی کی اسمبلیاں یا قومی اسمبلی توڑ دیں، کس نے مشورہ دیا تھا کہ افواج پاکستان پر 9 مئی کو حملہ کر دیں، اس کا آتش انتقام اس کو لے بیٹھا، حسد کا کوئی علاج نہیں ہے۔

مزیدخبریں