شمالی وزیرستان : دہشت گردوں نے نئے سال کے موقع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میں پاکستانی سرحدی چوکی پر فائرنگ کی ہے ۔ سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے نائیک عبدالرؤف جام شہادت نوش کر گئے۔3دہشت گرد مارے گئے۔ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز موادبرآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق30 اور 31 دسمبر کی رات ایک اور واقعے میں، افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے ضلع اسپن وام کے عمومی علاقے میں پاکستانی سرحدی چوکی پر فائرنگ کی۔ اپنے فوجیوں نے بھرپور جواب دیا جس سے دہشت گردوں کو کافی نقصان پہنچا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائیک عبدالرؤف (عمر: 31 سال، رہائشی: ضلع رحیم یار خان) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔
پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔