کراچی : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز اور نوازشریف کو سپیس جنرل باجوہ اور جنرل فیض سے ملاقات کے بعد میری وجہ سے ملی جبکہ پی ڈی ایم کا قیام بھی میری ملاقاتوں کے نتیجے میں سامنے آیا۔ 2018ء میں ایک پریس کانفرنس کے بعد عہدوں کی پیش کش ہوئی لیکن میں نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔
سینئر صحافی جاوید چودھری نے اپنے کالم میں سابق گورنر سندھ سے ہونے والی بات چیت شائع کی ہے۔انہوں نےدعویٰ کیا ہے کہ 2012میں محمد زبیر نے مسلم لیگ ن جوائن کی اور2013 کی حکومت میں نج کاری کمیشن اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین اور سندھ کے گورنر بن گئے‘ یہ پانامہ کیس‘ میاں نواز شریف کی سزا اور پھر جلاوطنی کے دوران جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید سے رابطے میں تھے اور بطور ایلچی کام کرتے رہے‘ پیغام رسانی کے اس عمل میں ان کا ’’سیاسی قتل‘‘ ہو گیا اور پارٹی نے انھیں عملاً کارنر کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ محمد زبیر کا کہنا تھا میاں نواز شریف نے مجھے بہت عزت دی۔ دو اہم ترین اداروں کا چیئرمین اور گورنر سندھ بنایا‘ میں جب نج کاری کمیشن کا چیئرمین تھا تو بلین ڈالر کی نج کاری ہوئی‘ میں ملین ملین ڈالر کے فنانشل ایڈوائزر ہائیر کرتا تھا لیکن نواز شریف نے مجھے کسی کام سے روکا اور نہ کسی کی سفارش کی لہٰذا میں دل سے ان کا احسان مند ہوں اور ان کے احسانات اور عزت کی وجہ سے آج تک پارٹی میں ہوں۔
مجھے 2018میں پارٹی چھوڑنے اور نئی حکومت میں اہم پوزیشن کی آفر ہوئی تھی‘ مجھے کہا گیا تھا ’’تم گورنر بھی رہ سکتے ہو اور نئی حکومت میں اہم پورٹ فولیو بھی لے سکتے ہو بس تم نے ایک پریس کانفرنس کرنی ہے لیکن میں نے صاف انکار کر دیا‘ میری بیوی نے بھی کہہ دیا تھا تم نے اگر یہ آفر قبول کی تو میں طلاق لے لوں گی‘ ہم لوگ شریف فیملی سے اتنے کمیٹڈ ہیں۔
میں نے پوچھا ’کیا جنرل باجوہ کے کزن انجم نذیر وڑائچ آپ کے فیملی فرینڈ ہیں؟‘‘ زبیر صاحب نے جواب دیا ’’جی ہاں میرے ان سے 40سال پرانے تعلقات ہیں‘ میں جب بھی اسلام آباد آتا تھا ان کے گھر ٹھہرتا تھا‘‘ میں نے پوچھا ’’کیا آپ ان کے ذریعے جنرل باجوہ سے ملتے تھے؟‘‘ ان کا جواب تھا ’’وہ بھی ایک سورس تھے مگر گورنر کی حیثیت سے میرے جنرل صاحب سے براہ راست تعلقات بھی تھے یوں میں 27اگست 2020 کو ان سے ملا‘‘ میں نے پوچھا ’’آپ کیوں ملے؟‘‘
ان کاجواب تھا ’’میں میاں صاحب کا پیغام لے کر ان کے پاس گیا تھا‘‘ میں نے پوچھا ’’ملاقات کیسی رہی؟‘‘ ان کا جواب تھا ’’ملاقات کا دورانیہ چار گھنٹے تھا‘ میاں صاحب اور مریم نواز پر پابندی تھی‘ ان کی تصویر‘ آواز اور خبر تک میڈیا پر نہیں چلتی تھی‘ میں نے جنرل باجوہ کو سمجھایا‘ ریاست نے شیخ مجیب سے لے کر بے نظیر بھٹو تک یہ پابندیاں لگا کر دیکھ لیں‘کیا نتیجہ نکلا؟ صرف ملک کا نقصان ہوا‘ اس بار بھی ان پابندیوں کا صرف ملک کو نقصان ہو گا‘ جنرل باجوہ نے پوچھا‘ آپ بتائو کیا میں زیادہ پاپولر ہوں یا مریم نواز؟
میں نے جواب دیا‘ یہ فیصلہ آپ کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہو گا‘ آپ ریٹائر ہونے کے بعد لاہور جائیں اور دوسری طرف سے مریم نواز آئیں‘ فیصلہ ہو جائے گا‘‘ میں نے پوچھا ’’کیا اسٹیبلشمنٹ اس وقت مریم نواز کو سپیس دینے کے لیے تیار نہیں تھی؟‘‘ زبیر صاحب کا جواب تھا ’’یہ بات درست ہے جنرل باجوہ بار بار کہہ رہے تھے مریم نواز کی کوئی گنجائش نہیں اور میں جواب میں کہتا رہا‘ یہ فیصلہ کرنے والے آپ کون ہوتے ہیں؟
بہرحال میری کوشش رنگ لائی اور میاں نواز شریف اور مریم نواز کو سپیس مل گئی‘ مریم صاحبہ کی خبریں چلنا شروع ہو گئیں اور 20ستمبر 2020کو پی ڈی ایم بن گئی‘‘ میں نے ان سے پوچھا‘ کیا پی ڈی ایم آپ کے مذاکرات کا نتیجہ تھی؟‘‘ زبیر صاحب کا جواب تھا ’’ ہاں ایک وجہ یہ بھی تھی‘‘۔
میں نے پوچھا ’’میٹنگ کے بعد کیا ہوا؟‘‘ زبیر صاحب کا جواب تھا’’میں نے میاں نواز شریف کو ملاقات کی تفصیل سے مطلع کر دیا‘ مجھے اس کے بعد جو بتایا گیا میں وہ پیغام لے کر 7 ستمبر 2020 کو دوبارہ آرمی چیف سے ملا اور اس مرتبہ جنرل فیض حمید بھی میٹنگ میں موجود تھے‘ یہ ملاقات بھی طویل تھی اور اس میں بھی بہت کچھ طے ہوا‘‘ میں نے پوچھا ’’کیا عمران خان کی حکومت کے خاتمے کا فیصلہ اس میٹنگ میں ہواتھا؟‘‘
یہ بولے ’’ میں یہ دعویٰ نہیں کرتا مگر آپ بعد کے تمام واقعات دیکھ لیں‘میری میٹنگ 7 ستمبر کو ہوئی‘ پی ڈی ایم 20 ستمبر کو بنی اورپھر عمران خان کی حکومت دن بہ دن کم زور ہوتی چلی گئی‘‘ میں نے پوچھا ’’ اسٹیبلشمنٹ پھر آپ سے ناراض کیوں ہو گئی؟‘‘ ان کا جواب تھا‘ مریم نواز نے 23 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر کہہ دیا تھا ‘سیاسی فیصلے جی ایچ کیو کے بجائے پارلیمان میں ہونے چاہییں اور پھر میاں صاحب نے 16 اکتوبر 2020کو گوجرانوالہ میں تقریرکی‘ ان سے مسائل پیدا ہو گئے‘‘
میں نے پوچھا ’’آپ کی ملاقات کی خبر آئی ایس پی آر نے کیوں دی تھی؟‘‘ ان کا جواب تھا ’’یہ خبر ڈی جی آئی ایس پی آر نے 23 ستمبر 2020کو ایک نجی چینل پر بیپر دے کر ریلیز کی تھی‘ ارشد شریف مرحوم کو سات بجے خصوصی طور پر اسٹوڈیو میں بٹھایا گیا‘ ڈی جی کا ٹیلی فونک انٹرویو ہوا اور انھوں نے میری دونوں ملاقاتوں کی تصدیق کر دی‘‘ میں نے پوچھا ’’کیا آپ جانتے ہیں آپ کی دونوں میٹنگز کی ریکارڈنگز میاں صاحب کو دے دی گئی تھیں جس کے بعد آپ کے میاں صاحب سے تعلقات خراب ہوگئے؟‘‘
محمد زبیر کا جواب تھا ’’مجھے اس کے بارے میں علم نہیں ہے‘ میں یہ صرف آپ سے سن رہا ہوں تاہم یہ حقیقت ہے ستمبر 2020کے بعد میرے میاں صاحب سے تعلقات خراب ہو گئے تھے؟ مجھ سے شہباز شریف نے بھی کہا تھا آپ نے ہمارے ساتھ غلط بیانی کی تھی‘ میرا جواب تھا‘ میں اتنی لمبی میٹنگز میں نوٹس نہیں لے رہا تھا‘ میں نے جوبتایا‘ اپنی یادداشت کی بنیاد پر بتایا لہٰذا الفاظ کا ہیر پھیر ہو سکتا ہے لیکن مفہوم وہی تھا‘‘ میں نے پوچھا ’’کیا آپ کو یہ رویہ برا لگا؟‘‘
ان کا جواب تھا ’’مجھے برا لگا کیوں کہ میں اُس وقت میاں صاحب اور مریم نواز صاحبہ کا ترجمان تھا جب پارٹی کے تمام ترجمان بھاگ گئے تھے‘ کوئی شخص پارٹی کو ڈیفنڈ کرنے کے لیے تیار نہیں تھا‘ مجھے 2017 میں جنرل نوید مختار نے بلا کر کہا تھا‘ تم لوگ مریم نواز کے ساتھ فوج کے خلاف میڈیا سیل چلا رہے ہو‘ میں اس وقت گورنر تھا‘ میں نے انھیں بتایا تھا‘ ہماری پارٹی کے لوگ ٹاک شوز میں جاتے ہیں‘ ہم اس کے لیے تیاری کرتے ہیں۔
ہمارے میڈیا سیل میں فوج کے خلاف کوئی بیانیہ نہیں بنتا‘ مجھے اس وقت بھی توڑنے کی کوشش کی گئی تھی‘ اسد عمر میرا بھائی ہے‘ یہ پی ٹی آئی میں تھا‘ ڈاکٹر عارف علوی اور علی زیدی میرے پرانے دوست ہیں‘ ہم اکٹھے پلے بڑھے ہیں‘ 2018 میں جب تبدیلی آ رہی تھی تو تبدیلی لانے والوں اور ان دوستوں نے مجھے لمبی چوڑی آفرز دیں مگر میں نے معذرت کر لی‘ اکتوبر2021 میں پینڈورا پیپرز آئے‘ ان میں اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار کا نام تھا‘ پارٹی میں کوئی شخص دفاع کے لیے تیار نہیں تھا‘ یہ کام بھی میں نے کیا‘ میاں صاحب اور مریم صاحبہ کی گرفتاری کے بعد پارٹی کے تمام ترجمان غائب ہو گئے مگر میں مسلسل بولتا رہا۔
میں نے آخر میں پیغام رسانی کا وہ کام بھی کیا جس کے نتیجے میں میاں صاحب بھی ناراض ہو گئے اور جنرل باجوہ بھی‘ مجھے ان تمام خدمات کا کیا فائدہ ہوا؟ میں کارپوریٹ سیکٹر سے آیا تھا‘ ملینز میں تنخواہ لیتا تھا اور کروڑوں کی مراعات تھیں جب کہ میں نے سیاست میں مفت کام کیا‘ میں نے گورنر تک کی تنخواہ بھی نہیں لی‘ مریم صاحبہ کی ہر پیشی پر کراچی سے آتا تھا اور محترمہ کے پہنچنے سے پہلے عدالت پہنچ جاتا تھا لیکن جب پی ڈی ایم کی حکومت بنی تو کابینہ میں 83 لوگ تھے‘ صرف میں نہیں تھا‘ مجھے اس کا بھی کوئی ملال نہیں لیکن ملک کے بارے میں میرا ایک نقطہ نظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ’’کہا جاتا ہے سیاست میں پڑھے لکھے لوگ نہیں آتے‘ ہم تین آئے تھے‘ ملک کا سب سے کام یاب سی ای او اسد عمر آیا‘ میں بھی آیا اور مفتاح اسماعیل بھی تھا‘ ہمارے ساتھ کیا ہوا؟ہم تینوں سیاست سے باہر ہیں جب کہ وہ لوگ جو پڑھ سکتے ہیں‘ لکھ سکتے ہیں اور نہ بول سکتے ہیں وہ سب ترقی کرتے چلے جا رہے ہیں‘ آپ اس سے سیاست کے مستقبل کا اندازہ کر لیجیے۔