عوام نے سلیکٹڈ کو ایسے نکالا کہ 6 ماہ بعد بھی بنی گالہ سے چیخیں نکل رہی ہیں: بلاول بھٹو

06:58 PM, 31 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام نے سلیکٹڈ کو ایسے نکالا کہ 6 ماہ بعد بھی بنی گالہ سے چیخیں نکل رہی ہیں ۔

پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کپتان کہتا ہے ہمارے اراکین کے استعفے قبول کرو ، جب اسپیکر کے سامنے آتے ہیں تو پاؤں پکڑ کر کہتے ہیں استعفیٰ قبول نہ کرو ۔ جب بھی مقابلہ ہوگا سلیکٹڈ کو شکست ہوگی اور جمہوری پسند قوتوں کی فتح ہوگی ۔ مقابلہ ہوگا تو جیت امید کی ہوگی اور شکست نفرت کی سیاست کی ہوگی ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جو معاشی بحران خان نے پیدا کیا ہم اس کے خلاف باہر نکلے ، ہم عمران خان کی جھوٹ ، نفرت اور تقسیم کی سیاست کے خلاف نکلے ۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے ۔ عمران خان نے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچایا ۔ ماضی میں بھی پیپلزپارٹی نے ملک کو بچایا ، آئندہ بھی بچائے گی ۔ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو طبقے کی نمائندگی کرتی ہے ۔ پیپلزپارٹی برابری اور مساوات کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ۔ ہم نے یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ پورے ملک کو چلانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور عوام نے قربانیاں دیں ، ہم نے پاکستان کو دہشتگردی سے پاک کیا ، عمران خان نے ملک کے شہدا کے لہو کا سودا کیا ۔ جن دہشتگردوں کو ہم نے شکست دی عمران خان نے ان کو دوبارہ کھڑا کردیا ۔ ہمیں امپورٹڈ حکومت کہنے والے نے دہشتگردی کو امپورٹ کیا ۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عمران خان دہشتگردوں کو رہا کرکے قبائلی علاقوں میں لے آیا ، عمران خان شہدا کے خاندان اور عوام کو پوچھے بغیر دہشتگردوں کو واپس لایا ، دہشتگردی عمران خان کا سب سے بڑا گناہ ہے اس کا حساب چاہئے ۔ دہشتگردوں کو شکست دے کر ملک میں امن قائم کریں گے ۔ پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، ملک میں امن قائم کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا تھا نئے سال کا جشن کراچی والوں کے ساتھ منائیں گے ، امید ہے آج رات کراچی والے باہر نکلیں گے اور جشن منائیں گے ۔ پیپلزپارٹی نے ہر وہ کام کرکے دکھایا جس کا وعدہ کیا تھا ۔ عوامی مارچ شروع کرنے کا فیصلہ بھی اسی شہر سے شروع ہوا تھا ۔ کہا تھا سندھ کا سفر کرتے ہوئے پنجاب اور پھر اسلام آباد پہنچیں گے ۔ کہا تھا اسلام آباد پہنچ کر کٹھ پتلی کو جمہوری ہتھیار کے ذریعے گھر بھیجیں گے ۔ آئینی راستہ اختیار کرتے ہوئے عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کو گھر بھیجا ، ہم نے کٹھ پتلی اور نالائق کا صحیح بندوبست کردیا ۔

مزیدخبریں