کراچی : ایم کیو ایم پاکستان نے پی ٹی آئی کو انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سوچ سمجھ کر بیانات دے، اب سیاسی مینجمنٹ کیلئے کوئی مدد کو نہیں آئے گا۔اب کراچی سے ایک نشست بھی نہیں ملے گی۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں تعریفوں کے پُل باندھنے والوں کو آج ایم کیو ایم دہشت گرد نظر آنے لگی، ایم کیو ایم کےکارکنان غنڈےہیں تو عمران خان کیوں بہادرآباد تشریف لائے؟
ترجمان نے کہا کہ کل تک پی ٹی آئی کی حکومت جن بیساکھیوں پرتھی آج وہ تمام بُرے ہوگئے، پی ٹی آئی جس کارخانے کی پیداوار ہیں اُس کی مخلص نہ ہوسکی تو ہمارا احسان کیا مانتے ۔ پی ٹی آئی کو 2018 میں کراچی سےجونشستیں دی گئیں،اب ایک نہیں ملےگی۔
ایم کیو ایم کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات کھسیانی بلی کے کھمبا نوچنے کے مترادف ہیں، پی ٹی آئی کی پوری قیادت بوکھلاہٹ اور جھنجھلاہٹ کا شکار ہے۔ پی ٹی آئی کے غیر سیاسی لوگوں سےسیاسی بات کی توقع فضول ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی ترجمان فواد چودھری نے ٹویٹ کیا تھا کہ کراچی روشنیوں کا شہر تھا، پھراسٹیبلشمنٹ کو خیال آیا کہ ہماری پارٹی ہونی چاہیے، سارے غنڈے جمع کر کے ایم کیوایم بنا دی گئی۔