دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیاءکپ کے فائنل میں بھارت نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 38 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔ یاسیرو روڈریگو نے سب سے زیادہ 19 رنز بنائے جبکہ راوین دی سلوا 15، متھیشا پاتھیرانا 14، سدیشا راجاپاکسا 14 اور انجلا بندارا 9 رنز بنا سکے۔
بھارت کی جانب سے وکی اوستوال سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 8 اوورز میں 11 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کوشل تامبے نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راج باوا، روی کمار اور راج وردھن ہنگرگیکر ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔
بھارتی ٹیم نے مقررہ ہدف انگکریش رگھو ونشی اور شیخ رشید کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 21.3 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ انگکریش راگھو ونشی نے 67 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شیخ رشید نے 49 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
انڈر 19 ایشیاءکپ، بھارت نے فائنل میں سری لنکا کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا
06:13 PM, 31 Dec, 2021