حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کرنے چاہئیں ،چوہدری شجاعت

08:58 PM, 31 Dec, 2020

لاہور، مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کی ہر بات کو اپنی انا کا مسئلہ نہ بنائے بلکہ آگے بڑھ کر معاملات سلجھانے کے لئے ہاتھ آگے بڑھائے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو ملک کے مفاد میں اکٹھا ہونا چاہئے ۔ عوام نے حکومت اور اپوزیشن کے لوگوں کو اپنے ووٹ سے منتخب کرکے اسمبلی میں بھیجا ہے ۔ حکومت اور اپوزیشن کو سمجھنا چاہئے کہ انہوں نے عوام کے مفاد میں کام کرنا ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ حکومت اپوزیشن کی ہربات پر بیان بازی نہ کرے بلکہ سنجیدگی سے ان کا حل تلاش کرے ۔ 

چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ حکومت ہویا اپوزیشن وہ ان لوگوں کے پیچھے نہ لگیں جن کا ملک سے زیادہ ذاتی مفاد ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو رسمی یا غیررسمی طریقے سے مذاکرات کی طرف جاناچاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ جہاں پہلے کبھی نہیں تھے ۔ ایک سال اور گذرا تو پھر موجودہ گالی گلوچ کے نتائج سامنے آئیں گے ۔ 

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ کریڈٹ کے چکر میں نہ پڑیں کیونکہ کریڈٹ کی دوڑ میں ارکان ایسی باتیں کرتے ہیں جو ہر کسی کے لئے قابل قبول نہیں ہوتیں ۔ ہم اتحادی ہیں اورہم ہدایت کی بات بھی کرتے ہیں تو اس کو مخالفت کا نام دے دیا جاتا ہے ۔ 

  

مزیدخبریں