لاہور،حکمران خاندان نے ترک کمپنیوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کیا اور عوام کو کروڑوں کا روزانہ کی بنیاد پر ٹیکہ لگتا رہا ۔لاہور میں صوبائی وزیراطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ صفائی کی آڑ میں ن لیگ نے کرپشن کا گند پھیلایا ہے اب ہم لاہور سے گند کے ساتھ ساتھ سیاسی گندگی کا بھی خاتمہ کریں گے ۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لاہور میں صفائی کے لئے دو کمپنیوں البراک اور اوس پاک کے ساتھ معاہدہ ختم ہوگیا تھا لیکن چھ ماہ کی ایکسٹینشن چل رہی تھی جو 31 دسمبر کو ختم ہوگئی ۔ان کمپنیوں نے دس دسمبر سے لاہور سے کچرا اٹھانے کا کام بند کردیا تھا ۔
یہ کیسے عوام کے ہمدرد تھے کہ جنہوں نے ڈالرز میں بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کئے یہ کمپنیوں کو ادائیگی ڈالرز میں کرتے تھے ۔ اس طرح سے قوم کو 3 کروڑ پچاس لاکھ یومیہ ایک دن میں ٹیکہ لگایا جاتارہا ۔ ان کے فرنٹ پر کمپنیاں تھیں اور ان کے پیچھے حکمران خاندان تھا اور راجکماری کے آباؤ اجداد تھے ۔
مارچ 2010 میں جب معاہدہ کیا گیا اس وقت ڈالر 60 کا تھا اور آج 160 روپے کا ہے لیکن ان کمپنیوں کو ادائیگی ڈالرز میں ہی کی جارہی تھی ۔ کوڑا اٹھانے کی آڑ میں عوام کا پیسہ مخصوص کمپنیوں پر لوٹایا جاتا رہا اورپاکستان کے معصوم عوام کو زہر آلود انجکیشن لگ رہے تھے ۔
رنگباز اور اداکار حکمرانوں نے کوڑا اٹھانے والے ورکرز کے لئے مسائل پیدا کئے ۔ ورکرز کے حقوق کو سلب کیا اور کمپنیوں کو فائدہ پہنچایا ۔
انہوں نے ملازمین کے میڈیکل الاؤنس کٹوائے فوڈ ،پک اینڈڈراپ ختم کیا ۔کوڑا اٹھانے والی کمپنیاں عدالت میں چلی گئیں ان کمپنیوں نے کوڑا اٹھانا بند کردیا اور ایک پلاننگ کے تحت حکومت کو بلیک میل کیا کہ حکومت پھر سے ہم سے ہی معاہدہ کرنے پر مجبور ہوجائے گی ۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کمپنیوں کو خط لکھا ہے کہ ہم پہلے والے معاہدے کے تحت نہیں چلیں گے اب اگر معاہد ہ ہوگا تو موجود حکومت کے قاعدے قانون کے مطابق ہو گا اس میں کوئی کک بیک نہیں ہوگی کوئی فرنٹ مین نہیں ہوگا ۔ ہم ایک سسٹم کے تحت بڈنگ کرنے جارہے ہیں ۔ اس طرح پانچ ارب روپے کا سرمایہ بچے گا اور یہ رقم ہمارے عوام پر خرچ ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا میں بار بار کوڑے اور گندگی کے ڈھیر دکھائے جارہے تھے ہمیں عوام کی تکلیف کا احساس ہے ۔ لاہور کی صفائی ضروری ہے لیکن ہم نے بلیک میل بھی نہیں ہونا ۔ ہم عوام کا پیسہ من پسند کمپنیوں کو نہیں لوٹا سکتے ۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کورونا کے مرض میں شکار ہوتے ہوئے بھی مسلسل صورتحال کی نگرانی کررہے تھے ۔ انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کے چیئرمین کو واضع ہدایات کی ہیں کہ متبادل پروگرام تشکیل دیں اور لاہور کی صفائی کو یقینی بنایا جائے ۔
ہم نے تہیہ کیا ہے کہ سیاسی مگرمچھوں کی گندگی ،زہر آلود زبانوں اور کردار کو بے نقاب کرنا ہے ۔ ایک طرف یہ چوری کررہے ہیں تو دوسری طرف سینہ زوری کررہے ہیں ۔سیاسی یتیموں کے ٹولے کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ عمران خان پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے اگر اپوزیشن کے دامن پر دھبہ نہیں ہے تو پھر یہ چیخ کیوں رہے ہیں ۔ اگر یہ بے گناہ ہیں تو آئیں عدالتیں آزاد ہیں ۔