اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج قوم سے اظہار خیال کریں گے، وزیراعظم عمران خان تعمیراتی شعبے سے متعلق اہم اعلان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان اپنے خطاب سے قبل وزیراعظم ہاؤس میں راوی اربن ہاؤسنگ سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرینگے۔ وزیراعظم کے خطاب میں تعمیراتی شعبے کو دیئے جانے والے پیکج کی توسیع کا امکان ہے، عمران خان تعمیراتی شعبے کے حوالے سے اہم فیصلوں سے بھی قوم کو آگاہ کرینگے۔
ادھر اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سال 2020 بدل رہا ہے، لیکن پاکستانیو کی قسمت نہیں۔ تبدیلی سرکار نے بجلی کے بعد پٹرول بم بھی گرانے کی تیاری کر لی ہے۔ جہاں تک گیس کا تعلق ہے وہ سردی آتے ہی ملک سے غائب ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے نئے سال میں بھی مہنگائی کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ پٹرول 2 روپے 96 پیسے ، ڈیزل 3 روپے 12 پیسے مہنگا ہو جانے کا امکان ہے۔ گیس آتی نہیں تو ایل پی جی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں فی کلو 15 روپے اضافہ کمرشل صارفین کے لیے 180 روپے فی کلو ایک ساتھ بڑھا دیئے نئی قیمتوں کا اطلاق نئے سال پر بارہ بجتے ہی ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کی حکومت کبھی نہیں چھوڑے گی ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو الیکشن بائیکاٹ سے ہمیشہ نقصان ہوا ، اب بائیکاٹ نہیں کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو قوم کے ساتھ ایک پیج پر آنا ہوگا ، حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہونا نقصان دہ ہے۔
سراج الحق نے ملک میں صاف شفاف انتخابات کے لئے الیکشن ریفارمز کرنے پر زور دیا۔