خواجہ آصف کی گرفتاری، مسلم لیگ (ن) پنجاب کا ہنگامی اجلاس طلب

10:04 AM, 31 Dec, 2020

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پارٹی کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف کی اثاثہ جات کیس میں گرفتاری پر ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ لاہور میں ہونے والے اجلاس کی صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر کریں گے۔ اس اہم اجلاس میں خواجہ آصف کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور ہو گا۔

ن لیگ کے اجلاس میں حکومت اور نیب کی کارروائیوں کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پر غور ہو گا۔ اجلاس میں مختلف سطح پر احتجاج اور ریلیاں نکالنے سے متعلق امور پر بھی غور کیا جائیگا۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما خواجہ آصف کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ نیب اعلامیے کے مطابق ان کی گرفتاری آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عمل میں لائی گئی ہے۔

نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ادارے کی جانب سے خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ثبوت فراہم کرنے کی بھرپور مہلت دی گئی لیکن وہ اسے فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

دوسری جانب لیگی قیادت نے خواجہ آصف کی گرفتاری پر انتہائی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔ مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں نیب کی جانب سے گرفتاری کو حکومتی سرپرستی حاصل ہونے کا اقدام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو چھوڑنا پڑے گا بصورت دیگر حکمرانوں کو سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ادھر بیرسٹر شہزاد اکبر نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ لیگی رہنما خواجہ آصف پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا کیس درج ہے، وہ بیرون ملک سے تنخواہ لیتے رہے لیکن اس کا نیب کو کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکے۔

مزیدخبریں