ڈھاکا: بنگلہ دیش کے الیکشن کمیش نے شیخ حسینہ واجد کو فاتح قرار دے دیا ہے تاہم اپوزیشن نے انتخابات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے اور ساتھ ہی نئے انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔
اب تک آنے والے نتائج کے مطابق شیخ حسینہ واجد کی جماعت نے 350 نشستوں کے ایوان میں سے 281 نشستیں جیت لی ہیں جب کہ حزبِ اختلاف کے حصے میں صرف سات نشستیں آئی ہیں۔ تاہم بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں ۔
اپوزیشن کے رہنما کمال حسین نے کہا ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان مضحکہ خیز نتائج کو فوری طور پر کالعدم قرار دے۔ ہم ایک غیر جانب دار حکومت کے زیرِ اہتمام نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
بنگلہ دیش کے الیکشن کمیشن نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس نے ملک بھر سے دھاندلی کے الزامات سنے ہیں اور وہ ان کی تحقیقات کرے گا۔
خیال رہے اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیا 1991 سے 1996 اور 2001 سے 2006 تک دو مرتبہ وزیراعظم کی ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں جب کہ موجود وزیراعظم حسینہ واجد 1996 سے 2001، 2009 سے 2014 اور 2014 سے تاحال وزیراعظم ہیں۔