حکومت نے ساحل سمندر پر سال نو کا جشن منانے کی اجازت دیدی

03:55 PM, 31 Dec, 2017

کراچی : سال نو کا جشن منا نے کیلئے ساحل سمندر پر عائد پابندی ختم کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ساحل سمندر جانے والی سڑکوں پر کنٹینرز نہ رکھنے کی ہدایت کی ہے جب کہ شہریوں کو ساحل سمندر پر سال نو کا جشن منانے کی اجازت بھی دی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نیو ائیر نائٹ کے موقع پر کراچی میں کوئی کنٹینر نہیں لگے گا اور شہر کی کوئی سڑک بلاک نہیں کی جائے گی تاہم ہوائی فائرنگ کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی، شہری سال نو پر دوسروں کی خوشی کا بھی ضرور خیال رکھیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے رات گئے سی ویو اور اس کے اطراف کی سڑکو ں پہ کنٹینرز رکھ کر سڑکوں کو بلاک کئے جانے کی شکایات پر اچانک کلفٹن اور ڈیفنس کا دورہ کیا۔جس کے بعد عوامی شکایات پر انہوں نے سی ویو جانے والی سڑکوں پر کنٹیرز لگانے سے پولیس کو روک دیا اور ہدایت کی ہے کہ دفعہ 144 کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔
نئے سال کی آمد پر پولیس نے سیکیورٹی پلان جاری کردیا جس کے مطابق آج رات سی ویو پر 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔پولیس کے مطابق شام 6 بجے سے شہر میں اسنیپ چیکنگ شروع کی جائے گی اور 5 ایس پیز اور 19 ڈی ایس پیز کی ڈیوٹی سی ویو پر لگائی گئی ہے۔

مزیدخبریں