بیجنگ : دانت صاف کرنے کی اہمیت سے آپ ضرور واقف ہوں گے لیکن شاید یہ نہیں جانتے ہوں گے کہ اس کا ایک ایسی بات سے بھی تعلق ہے کہ کبھی بھول کر بھی اس کام میں کوتاہی نہیں کرنی چاہئیے۔
چین میں کی گئی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ جن مردوں میں پیری ڈونٹائٹس (مسوڑھوں کی سوزش) کا مسئلہ پایا جاتا ہے ان میں صاف دانتوں والوں کی نسبت نامردی کا خطرہ دو گنا زیادہ ہوتا ہے۔ دانتوں کی کئی دیگر بیماریوں کی طرح مسوڑھوں کی سوزش بھی دانتوں کی صفائی میں غفلت برتنے کا لازمی نتیجہ ہے۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ دانتوں کی باقاعدگی سے صفائی نہ کرنے کی وجہ سے مسوڑھوں میں بیکٹیریا جمع ہوتے رہتے ہیں جو سوزش کا باعث بنتے ہیں۔ مسوڑھوں کی سوجن اور سوزش کی وجہ سے جسم کے مختلف حصوں کو خون پہنچانے والی باریک شریانیں متاثر ہوتی ہیں، جن میں تولیدی اعضاءکو خون پہنچانے والی رگیں بھی شامل ہیں۔ باریک شریانوں میں دوران خون متاثر ہونے سے تولیدی اعضاءکو خون کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، جس کا نتیجہ ازدواجی صلاحیت میں غیر معمولی کمی کی صورت میں سامنے آتا ہے، جسے عرف عام میں نامردی بھی کہا جاتا ہے۔ تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ مردانہ صحت کی حفاظت کے لئے دانتوں کی صفائی کو لازم سمجھنا چاہئیے اور دانتوں کے کسی بھی مسئلے کی صورت میں معالج سے ضرور رابطہ کرنا چاہئیے۔