لاہور: پنجاب کے مقتول گورنر سلمان تاثیر کے صاحبزادے شان تاثیر کے کرسمس پیغام کیخلاف توہین مذہب کے الزام میں مقدمہ کرلیاگیا. تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ اسلام پورہ میں پولیس کی مدعیت میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 295اے کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش انوسٹی گیشن ونگ کے سپرد کردی گئی۔پولیس کی مدعیت میں تھانہ اسلام پورہ میں درج مقدمے میں موقف اپنایاگیاکہ مغرب کے وقت نامعلوم شخص تھانے کے باہر ایک پارسل چھوڑ گیا جسے کھول کردیکھاگیاتو اس میں ایک یوایس بی تھی ، یوایس بی میں ایک نامعلوم شخص کو مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد اور توہین رسالت کے الزام میں قید آسیہ مسیح اور نبیل مسیح سمیت ایسے قوانین کی زد میں آنیوالے تمام افراد کے لیے دعاگو ہونے کا بیان کررہا ہے اور دیگر لوگوں کو بھی ہدایت کرتاہے کہ وہ اپنے ہم وطنوں کیلئے دعا کریں، اس بیان کی وجہ سے اشتعال انگیزی پیداہوسکتی ہے لہٰذا پولیس کی مدعیت میں 295اے کے تحت 2101/16ایف آئی آر درج کرکے مزید تفتیش کیلئے مقدمہ تفتیشی ونگ کو بھجوادیاگیا۔
دوسری طرف سنی تحریک لاہور ڈویژن کے صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان کی طرف سے بھی تھانہ مغلپورہ میں ’شان تاثیر ‘ نامی شخص کیخلاف ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں295cکیخلاف گفتگوکرنے پر قانونی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے ۔یادرہے کہ کسی بھی مذہب کے پیروکاروں کے جذبات ارادتاً بھڑکانے یا مجروح کرنے پر دفعہ 295cکا اطلاق ہوتاہے ۔
Punjab Police registers case of 295A (hate speech) under #NationalActionPlan against my #ChristmasMessage pic.twitter.com/EMbXNuM5dz
— Shaan Taseer (@ShaanTaseer) December 31, 2016
بعدازاں سلمان تاثیر کے صاحبزادے شان تاثیر نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹرپر تھانہ اسلام پورہ میں درج ہونیوالی ایف آئی آر کی کاپی شیئرکرتے ہوئے لکھاکہ ’پنجاب پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کرسمس پیغام پر میرے خلاف 295اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا‘۔