نئی دلی : بھاری جہیز کا لالچ رکھنے والے مردوں کی کہانیاں تو آپ نے بہت سنی ہوں گی لیکن ایک بھارتی دولہے نے تمام حدیں پھلانگتے ہوئے ایسا مطالبہ کردیا کہ لالچی سے لالچی ترین انسان بھی سنے تو بس شرما کر رہ جائے۔ بنگلور شہر سے تعلق رکھنے والے اس شخص کی شادی اگست کے مہینے میں ہوئی، جس کے لئے یہ پہلے ہی بھاری جہیز وصول کرچکا تھا۔ اس بدبخت نے صرف جہیز کو ہی کافی نہیں سمجھا بلکہ دلہن گھر لانے کے بعد اس کے ماں باپ سے یہ مطالبہ بھی کردیا کہ ہنی مون کے لئے پانچ لاکھ روپے بھجوادیں۔ بیچاری دلہن کو عجیب و غریب صورتحال کا سامنا کرنا پڑ گیا کہ دولہے کے ساتھ اس کے ماں باپ اور بہن بھائی بھی ہنی مون پر جانے کے لئے تلے بیٹھے تھے اور سب سے بڑھ کر بے شرمی کی بات یہ تھی کہ رقم کا تقاضہ دلہن کے والدین سے کیا جارہا تھا۔
دلہن کے والدین نے اپنی مالی مشکلات بیان کرتے ہوئے ہنی مون کے لئے رقم بھجوانے سے معذرت کرلی، لیکن اس کا انجام کیا ہوا، یہ جان کر آپ کو بھی حیرت ہوگی۔ بدبخت دولہے اور اس کے والدین نے رقم نہ ملنے پر صرف ہنی مون کا پروگرام ہی منسوخ نہیں کیا بلکہ دلہن کو ہی گھر سے نکال دیا۔ دلہن کی شکایت پر معاملہ عدالت پہنچ چکا ہے۔ سماعت کے دوران جج نے تفتیشی افسر کو تجویز دی کہ وہ دونوں خاندانوں میں صلح صفائی کی کوشش کریں، تاہم دولہے والوں کے لالچ کو دیکھتے ہوئے تفتیشی افسر نے بھی مایوسی کا اظہار کر دیا۔