یورپی ملک ہالینڈ میں پناہ گزینوں کے ساتھ بد سلوکی کے واقعات کے بعد ملک میں قائم ایک مسجد میں امام مسجد کا مسلمان بچوں کو نماز سکھانے پر نیا تنازع پیدا ہوا ہے۔
ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر حال ہی میں ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں دارالحکومت میں قائم مسجد گلزار مدینہ میں ایک امام مسجد کو بچوں کو اسلامی طریقے کے مطابق نماز سکھاتے اور انہیں رکوع اور سجدہ کرانے کی تربیت دے رہے ہیں۔ ہالینڈ کی مقامی انتظامیہ تک مسجد میں نماز سکھانے کے واقعے کی اطلاع پہنچی، جس کے بعد مقامی ذرائع ابلاغ نے بھی اسے خوب اچھالا اور اب معاملہ ہالینڈ کی پارلیمنٹ تک پہنچ گیا ہے۔
ہالینڈ میں مسلمان اقلیت کی تعداد پانچ لاکھ کے لگ بھگ ہے اور ملک میں کئی جگہ پر مساجد بھی قائم ہیں۔ ان میں مسجد گلزار مدینہ مسلمانوں کا اہم مرکز سمجھی جاتی ہے۔ کئی سخت گیر مسلمان مبلغین اس مسجد کا دورہ کرتے ہیں۔
پاکستانی مبلغ مرحوم شاہ احمد نورانی کے صاحبزادے علامہ انس نورانی صدیقی بھی مسجد گلزار مدینہ کا دورہ کرچکے ہیں۔