میرپور خاص میں سنگدل باپ نے ظلم کی انتہا کردی،2 معصوم بچوں کو زندہ درگور کر دیا

11:33 AM, 31 Dec, 2016

نیوویب ڈیسک

میرپور خاص: سنگدل باپ نے دو بچوں کو زندہ دفنا دیا، دو سالہ بیٹا اور چار سالہ بیٹی موقع پر ہی دم توڑ گئے، اطلاع ملنے پر میرواہ پولیس نے لاشیں برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا ۔
میرپورخاص کی ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی کے گاؤں سید قربان علی شاہ میں ایک وحشی جنونی باپ نے بیوی سے معمولی تلخ کلامی پراپنے دو سالہ بیٹے اشوک اور 4سالہ بیٹی سونیا کو گاوں سے دور سیم نالے کی دلدلی مٹی میں دبا دیا۔ جہاں پر معصوم بچوں نے تڑپ تڑپ کرجان دے دی، واقع کی اطلاع کے بعد میرواہ پولیس نے جائے وقو عہ پہ پہنچ کر دونوں بچوں کی نعشوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا۔
المناک حادثے پر بچوں کی ماں کا کہنا تھا کہ میرا شوہر مجھ پر شک کرتا اور مجھے تشدد کا نشانہ بناتا تھا، گزشتہ رات معمولی جھگڑے کے بعد دونوں بچوں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گیا اور صبح کے وقت واپس آنے کے بعد بتایا کہ دونوں بچے ٹھیک ہیں اور انہیں کھانا کھلانے کے بعد سلا کر آیا ہوں، علاقہ مکینوں اور پولیس کے دباؤ ڈالنے کے بعد بچوں کے باپ رانو کولہی نے اعتراف کر لیا  کہ اس نے دونوں بچوں کو زمین میں دبا کر مارا ہے ،جس کے بعد پولیس نے رانو کولہی کو حراست میں لیکر بیوی کی درخواست پر مقد مہ درج کرلیا ہے۔

مزیدخبریں