دوسرا ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز  بنا کرآؤٹ ہوگئی

دوسرا ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز  بنا کرآؤٹ ہوگئی

راولپنڈی:دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 274 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔دوسرے روز پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو اسے پہلا نقصان صفر پر ہی اٹھانا پڑ گیا جب عبداللّٰہ شفیق کو تسکین احمد نے چلتا کیا۔

دوسری وکٹ پر کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے 107 رنز جوڑے، اس مجموعے پر شان مسعود 57 رنز بنا کر مہدی حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر صائم ایوب تھے جو 58 رنز کی اننگز کھیل کر 123 کے مجموعے پر سٹمپ ہوئے، انہیں بھی مہدی حسن نے آؤٹ کیا۔

 
بنگلہ  دیش کے خلاف پاکستان کی چوتھی وکٹ 151 رنز اور پانچویں وکٹ 179 رنز پر گری۔ اس مرتبہ آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں 16 رنز بنانے والے سعود شکیل اور 31 رنز بنانے والے بابر اعظم تھے۔گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے محمد رضوان دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں 29 رنز کی مہمان ٹھہرے۔ انہیں ناہید رانا نے کیچ آؤٹ کیا۔ 

بعد ازاں سلمان علی آغا نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا ٹوٹل 274 رنز تک پہنچایا۔ 
سلمان 54 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ انکے ہمراہ بیٹنگ کرتے ہوئے خرم شہزاد نے 12، محمد علی نے 2 جبکہ ابرار احمد نے 9 رنز بنائے۔ 

بنگلہ دیش کی جانب مہدی حسن میراج نے 5 وکٹیں لیں، تسکین احمد نے 3  جبکہ شکیب الحسن اور ناہید رانا نے ایک ایک آؤٹ کیا۔ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہو گیا تھا۔دوسری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو ڈراپ کر کے میر حمزہ اور ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو بنگال ٹائیگرز نے 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔