لاہور:موجودہ سیاسی صورتحال، ن لیگ تحریک انصاف سے بات چیت کے لیے محمود اچکزئی سے رابطہ کرے گی۔
ملک میں اس وقت سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور سیاسی قائدین کی ملاقاتیں ہورہی ہیں۔ حکومتی اور اپوزیشن جماعتیں ملاقاتوں کے لیے سرگرم ہیں اور پارٹی رہنمائوں کے مشاورتی اجلاس ہورہے ہیں۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ ن لیگ نے سیاسی ماحول کوآگے بڑھانے کے لیے اور تحریک انصاف سے بات چیت کے لیے محمود اچکزئی سے بات چیت کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس کے طریقہ کار کے لیے پارٹی رہنمائوں کی مزید مشاورت جاری ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کو پارٹی قیادت نے محمود اچکزئی سے بات کرنے کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔اجلاس میں اپوزیشن اور اتحادیوں سے بالواسطہ بات چیت کو فضول مشق قرار دیا گیا جبکہ ن لیگ نے پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں سے مذاکرات براہ راست کرنے پر اصرار کیا ہے۔
اچکزئی کو کہا گیا ہے کہ وہ براہ راست مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کریں جس کیلئے تحریک انصاف کو مذاکرات کیلئے کمیٹی نامزد کرنا چاہیے جو پس پردہ بات چیت کر سکے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ اس سے قبل آصف علی زرداری بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرچکے ہیں۔ ملک کا سیاسی منظر نامہ آنے والے وقت میں کیسا ہوگااور کس کا کس کے ساتھ اتحاد ہوگااس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے۔