لندن:لیڈی ڈیانا کو رخصت ہوئے 27 برس بیت گئے، سحر آج بھی برقرار ہے۔
خوبصورتی اور ذہانت کا امتزاج لیڈی ڈیانا جو شاہی خاندان کا حصہ ہونے کے باوجود ا نتہائی منکسرالمزاج تھی کہ فلاحی کام اس کا شوق تھا۔خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی وجہ سے انہیں شہرت ملنا شروع ہو گئی، انہوں نے ایڈز، کینسر اور ذہنی بیماریوں کے حوالے سے بھی لوگوں میں شعور پیدا کیا۔ شادی سے پہلے اور بعد بھی ڈیانا عالمی میڈیا پر چھائی رہیں۔
لیڈی ڈیانا نے یکم جولائی 1961ء کو پارک ہاؤس سینڈرنگھم نار فوک برطانیہ میں آنکھ کھولی، ڈیانا سپینسر خاندان میں پیدا ہوئیں ، وہ جان سپینسر کی سب سے چھوٹی بیٹی تھیں، بھائی جین اور بہن سارہ ان سے بڑے تھے۔انہوں نے انگلینڈ اور سوئٹزر لینڈ سے تعلیم حاصل کی، ڈیانا 9 سال کی تھی کہ والدہ کو طلاق کے بعد باپ نے پالا۔1975ء میں جب ان کے والد کو ارل سپینسر کا خطاب ملا تو انہیں لیڈی ڈیانا سپینسر کے نام سے پکارا جانے لگا۔
شہزادہ چارلس سے منگنی کا اعلان ہوتے ہی لیڈی ڈیانا دنیا بھر کے فوٹوگرافروں کی اوّلین ترجیح بن گئیں، اس شادی سے ان کے دو بیٹے شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری پیدا ہوئے۔ویلز کی شہزادی کی حیثیت سے ڈیانا نے ملکہ کی جانب سے شاہی فرائض سر انجام دیئے اور ملک سے باہر ہونے والی تقریبات میں ملکہ کی نمائندگی کی۔
28 اگست 1996ء کو ڈیانا کی چارلس سے شادی ختم ہو گئی۔ دونوں طرف سے ایک دوسرے پر الزامات لگائے گئے۔ لیڈی ڈیانا کی شہزادہ چارلس کے ساتھ شادی 15 برس تک قائم رہی۔ 20 برس کی عمر میں ڈیانانے ویلز کی شہزادی کا خطاب حاصل کیا۔
لیڈی ڈیانا نے خلیجی جنگ کے دوران دسمبر 1990ء میں جرمنی کا دورہ کیا تا کہ وہ فوجیوں کے خاندانوں سے ملاقات کر سکیں، ڈیانا نے تین مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا، لیڈی ڈیانا پاکستانیوں کے دلوں میں بستی تھیں ، وہ جہاں بھی گئیں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ انہیں بے شمار ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا گیا، ان کی زندگی کے آخری آٹھ برس مسلسل فلاحی کاموں میں گزرے اور انہیں اپنے ان کاموں کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
31 اگست 1997ء کو ڈیانا پیرس کے ہوٹل سے اپنے دوست دودی الفائد کے ساتھ روانہ ہوئیں، ڈیانا منزل تک نہ پہنچ سکیں جب ان کی گاڑی ایک خطرناک حادثے کا شکار ہوکر مکمل طور پر تباہ ہو گئی، حادثے میں شہزادی کے ساتھ ان کے دوست ڈوڈی الفائد اور ڈرائیور سنیری پال بھی موت کی وادی میں اتر گئے۔ ڈیانا کی آخری رسومات کو دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے براہ راست دیکھا۔ ڈیانا کی عالمی سطح پر مقبولیت کابڑا سبب ان کی خوبصورت شخصیت تھی اور طلاق کے بعد بھی ان کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی۔