لٹیروں کی لوٹ مار کا وقت ختم ہونے والا ہے،سرکاری ملازمین کی بجلی کی مراعات ختم کی جائیں: فاروق ستار

07:42 PM, 31 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی :متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار  کاکہنا ہےکہ  لٹیروں کی لوٹ مار کا وقت ختم ہونے والا ہے۔فاروق ستا رنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ  لٹیروں کی لوٹ مار کا وقت ختم ہونے والا ہے۔  سرکاری ملازمین کی بجلی یونٹس کی مراعات ختم کی جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ  وڈیروں اور ان کے فرنٹ مینوں کے گھروں پر چھاپے مارکر ناجائز دولت برآمد کی جائے۔


متحدہ قومی موومنٹ حیدرآبا دکی جانب سے بجلی ، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف تلک چاڑھی سے گاڑی کھاتہ تک ریلی نکالی گئی۔  ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین بھی موجود تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستا رنے کہا آپ کا دور شروع ہونے والا ہے ۔ 

 ہم نے طے کیا ہے کہ اس ملک کو حیسکو کے مظالم اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں گے، 16گھنٹے لوڈشیڈنگ کرکے وہ یہ سمجھتے ہیں کہ عوام مر جائے گی لیکن عوام ان کو مار کے مرے گی۔ انہوں نے کہاکہ حیسکو والوں کو کہتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لو آج یہ آخری موقع دے رہے ہیں ، 35کروڑ یونٹ بجلی اشرافیہ کو دی جاتی ہے یہ فی الفور ختم کی جائے ۔ 

انہوں نے کہاکہ  بجلی کے بلوں میں لگائے جانے والے ٹیکسز ختم کئے جائیں ، حقیقت میں یہ حکومت بھتہ خور ہے اور الزام ہمارے بچوں پر لگتا تھا اب یہ ناانصافی نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہاکہ وڈیروں اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگائیں کسانوں پر نہیں ، وزیروں اور مشیروں کے گھروں پر چھاپے مارے جائیں اور انہیں نیب کے ذریعے سزا دلوائی جائے ، ہماری سفید پوشی داؤ پر لگ گئی ہے ہم کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے ۔

ان کاکہنا تھا کہ  ہمارے انتخابی حلقوں پر ڈکیتیاں مارنے والے حیدرآباد کے چودھری بنے ہوئے ہیں ۔   شہر تم خرید لو حکومت ہم چلائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیہ کے کنٹریکٹ ملازمین کو بحال کیا جائے ورنہ پھر بلدیہ کے باہر بیٹھیں گے اور جو فیصلہ کریں گے تمہیں ماننا پڑے گا۔

مزیدخبریں