چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنے بیٹوں سے ٹیلیفونک رابطہ کرنے کی اجازت مل گئی

03:18 PM, 31 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو  بیٹوں سے ٹیلیفون پر بات کرنے کی اجازت دے دی۔

 سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت ے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلیفون پربات کرنےکی درخواست  پر سماعت کی۔ 


عمران خان نے اپنے وکیل عمیر نیازی اور شیراز احمد کے ذریعے سیکریٹ ایکٹ عدالت میں بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلیفون پربات کرنے کے لیے درخواست دائر کی تھی جو جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے منظور کر لی۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو عمران خان سے بیٹوں کی ٹیلیفون پر بات کرانے کے لیے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔


یاد رہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں 5 اگست کو  تین سال قید اور جرمانے کی سزا سنائے جانے کے بعد حراست میں لیا گیا تھا اور انہیں اٹک جیل منتقل کر دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں 19 اگست کو ایف آئی اے چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر گمشدگی کیس میں بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔


چند روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے عمران خان کو دی گئی سزا معطل کر دی تھی تاہم سائفر کیس میں گرفتار ہونے کی وجہ سے ان کی رہائی ممکن نہ ہو سکی اور وہ اب تک اٹک جیل میں قید ہیں۔ 

مزیدخبریں