اسلام آباد: حکومت نے مہنگی بجلی مزید مہنگی کرنے کی تیاری کر لی ہے، ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1.58روپےمہنگی ہونے کا امکان ہے۔ آل انجمان تاجران نے بجلی کے بلوں میں حد درجہ اضافے پر ملک بھر میں آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ بجلی کے کمرشل بِلوں میں سب سے زیادہ ٹیکسز لگائے گئے، تاجر برادری آج (جمعرات) کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند رکھے گی۔
کراچی میں الیکٹرانک ڈیلرز مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے یکم ستمبر کو بھی ہڑتال کی کال دی ہوئی ہے ان کا کہنا ہے کہ کراچی کی تمام تاجر تنظیمیں یکم ستمبر(جمعہ)کو ہڑتال کریں گی،اس روز شہر کے تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے۔
دوسری جانب بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ جماعت اسلامی نے بھی بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف 2 ستمبر کو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے تمام تر احتجاج کے باوجود بجلی میں مزید اضافے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1.58روپےمہنگی ہونے کا امکان ہے۔