’توہین عدالت کیس میں ججز نے نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمران خان کو ایک اور موقع دیا‘

06:35 PM, 31 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عدالت نے نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمران خان کو ایک اور موقع دیا ۔ عدالت نے عمران خان کو دوبارہ جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت ہوئی ، توہین عدالت کے مرتکب شخص کو سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا ۔ توہین عدالت کرنے والا شرم محسوس نہ کرے تو کبھی سزا کے بغیر اسے رخصت نہیں کیا گیا ۔ یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کیس میں وزارت عظمیٰ چھوڑنا پڑی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ طلاع چودھری ، دانیال عزیز اور نہال ہاشمی توہین عدالت کے مقدمات میں نا اہل ہوئے ۔ نہال ہاشمی کو توہین عدالت کے مقدمے میں جیل بھی بھگتنا پڑی ۔ تمام شہریوں پر قانون کا یکساں اطلاق آئین کا تقاضا ہے ۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہماری معاشرتی اقدار کی رو سے خواتین کیخلاف غیر مناسب الفاظ استعمال نہیں کیے جا سکتے ۔ عمران خان نے عدلیہ سمیت کسی ریاستی ادارے کو نہیں چھوڑا ، عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو بھی دھمکیاں دیں ۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ کی صوبائی وزراء سے گفتگو ملکی مفاد کے منافی تھی ، متنازعہ آڈیو لیک کا فرانزک کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ ریاست سے بغاوت کے زمرے میں آتا ہے ۔ ریاستی مفادات کے خلاف آواز اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔

مزیدخبریں